یہ وطن تمہارا ہے تم ہو پاسبان اس کے

یہ وطن تمہارا ہے تم ہو پاسبان اس کے


یہ وطن تمہارا ہے تم ہو پاسبان اس کے

یہ چمن تمہارا ہے تم ہو نغمہ خواں اس کے

یہ وطن تمہارا ہے تم ہو پاسبان اس کے

 

اس چمن کے پھولوں پر رنگ و آب تم سے ہے

اس زمیں کا ہر زرہ آفتاب تم سے ہے

یہ فضاء تمہاری ہے بحرو بر تمہارے ہیں

کہکشاں کے یہ اجالے رہگزر تمہارے ہیں

یہ وطن تمہارا ہےتم ہو پاسبان اس کے

 

اس زمین کی مٹی میں خون ہے شہیدوں کا

ارض پاک مرکز ہے قوم کی امیدوں کا

نظم وضبط کو اپنا میر کارواں جانو

وقت کے اندھیروں میں اپنا آپ پہچانو

یہ وطن تمہارا ہےتم ہو پاسباں اس کے

 

یہ زمیں مقدس ہے ماں کے پیار کی صورت

اس چمن میں تم سب ہو برگ و بار کی صورت

دیکھنا گنوانا مت، دولتِ یقیں لوگو

یہ وطن امانت ہے اور تم امیں لوگو

یہ وطن تمہارا ہےتم ہو پاسباں اس کے

 

میرِ کارواں ہم تھے، روحِ کارواں تم ہو

ہم تو صرف عنواں تھے، اصل داستاں تم ہو

نفرتوں کے دروازے خود پہ بند ہی رکھنا

اس وطن کے پرچم کو سربلند ہی رکھنا

 

یہ وطن تمہارا ہے تم ہو پاسبان اس کے

یہ چمن تمہارا ہے تم ہو نغمہ خواں اس کے

Post a Comment

0 Comments